دنیا کی ذہین ترین قوم کی خدمت میں چند گزارشات
گرمیوں میں کپڑوں کے نیچے ویسٹ یا بنیان پہنیں اور خدارا ڈیوڈورانٹ کا استعمال کریں، دوسروں کو اذیت میں مبتلا کرنا مذہب اور اخلاقیات دونوں کے خلاف ہے۔
اگر آپ کے منہ سے بدبو آتی ہے جس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں تو اچھا سا ماوتھ واش اپنے پاس رکھیں اور جب لوگوں کے قریب بیٹھ کر گفتگو کرنا پڑے تو انہیں امتحان میں مت ڈالیں۔
کان اور ناک کے بال صاف کریں اور ناک کے بال اکھاڑنے کیلئے عوامی مقامات مناسب جگہہ نہیں برائے مہربانی یہ فریضہ گھر پر انجام دیں، دوسرے لوگوں کو اس فعل سے گھن آتی ہے جس کا آپ کو احساس نہیں ہوتا۔
اسی طرح عوامی مقامات پہ ناک اور کان میں انگلی گھما کر صفائی کا اہتمام کرنا انتہائی نامناسب عمل ہے، مزید ایسی حرکات کرنے کے بعد آپ دوسرے لوگوں سے انتہائی جوش خروش سے مصافحہ کا شوق بھی رکھتے ہیں تو آپ دوستوں کو انتہائی آکورڈ صورتحال میں مبتلا کررہے ہوتے ہیں۔
کرنسی نوٹ گنتے ہوئے اپنے لعاب دہن کا بے دریغ استعمال فرمانا بند کریں اور اپنا saliva مع اپنے خوردونوش کے اجزاء اپنے معدے تک پہنچائیں لوگوں کے ہاتھوں پر نہیں، اگر ضرورت ہوتو پانی کا استعمال کریں۔
گاڑی چلاتے وقت بائیں جانب سے بغیر انڈئکیٹر اور دوسری ٹریفک کو مطلع کیئے اوورٹیک سے اجتناب کریں۔
گاڑی پارک کرتے وقت اتنا خیال رکھیں کے دوسرے لوگ اس سے اذیت میں مبتلا نہ ہوں اور بلاوجہ اس طرح پارک نہ کریں کے دو گاڑیوں کی جگہہ گھیر کر کھڑے ہوجائیں۔
اپنے والد، بھائی یا کسی عزیز کے عہدے کی وجہ سے بلا ضرورت استحقاق لینے سے باز رہیں اور پبلک سروس کے محکموں میں دوسروں کو کیڑے مکوڑے اور حقیر ہونے کا احساس نہ دلائیں۔
زیادہ نمازیں روزے وغیرہ کا تعلق آپ کے اور آپ کے معبود کے درمیان ہے اپنے زعم تقوی میں دوسروں کے ساتھ حقارت سے پیش نہ آئیں اور نہ ہی ان سے ان کی عبادات کے متعلق بے جا سوالات کریں کہ لوگوں کے اعمال کا حساب رکھنے کا فریضہ آپ کو تفویض نہیں ہوا۔
لوگوں کی ذاتی و نجی زندگی سے متعلق سوالات کرنے کا آپ کو کوئی حق نہیں اور نہ ہی ان کی آمدنی جاننے کا اختیار۔
ایسے سوالات لوگوں کو غیر آرام دہ کرسکتے ہیں، مثلا ابھی تک آپ کے بچے کیوں نہیں؟ آپ کے بچے فلاں سکول میں کیوں نہیں پڑھتے؟ آپکی تنخواہ کتنی ہے وغیرہ۔
جگہ جگہ تھوکنے، کھانے پینے کی چیزوں کے خالی ریپرز، چھلکے، سڑک پر پھینکنے اور عوامی مقامات پر پھینکنے سے اجتناب کریں، گاڑی میں ایک بڑا شاپنگ بیگ رکھ لیں اور چیزیں اس میں اکھٹی کرتے رہیں اور مناسب جگہہ پر ڈمپ کریں۔
پبلک ٹوائلٹس کو اس طرح سے استعمال کریں اور اس حالت میں چھوڑیں جیسے آپ اپنے لئیے پسند کرتے ہیں، اپنے کئیے کرائے پر خود پانی ڈالیں۔
پبلک ٹوائلٹس کسی بھی قوم کی اجتماعی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں، وہاں پر صفائی کا مناسب انتظام رکھیں، اس میں اپنی خطاطی، ادبی ذوق، سیاسی و مذہبی منافرت، سابقہ گرل فرینڈ کا نمبر بطور پراسٹیٹیوٹ، اعضائے رئیسہ و ضعیفہ کی تصویر کشی، یا 18+ پینٹنگز کے نمونے مت چھوڑیں، اپنے فنون کا اظہار مناسب فورم پر کریں۔
بلاجواز یا عادتا خارش کرنے سے پرہیز کریں بالخصوص عوامی مقامات پر۔
اپنے ناخن مناسب وقت پر کاٹیں اور ان میں پھنسی ہوئی میل کچیل نکالتے رہیں یہ نہ صرف حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق آپکے اپنے لئیے بہتر ہے بلکہ دوسرے لوگوں پر اچھا تاثر چھوڑتا ہے، ورنہ میل کچیل سے گھن آتی ہے۔
ابھی اور بہت سی باتیں شاید رہ گئی ہیں
عوامی شعور کی بہتری مقصود ہے