سونے کی آن لائن خرید و فروخت کے لیے کمپنی قائم کر دی گئی || online buying and selling of gold

GR SONS

 

پاکستان میں سونے کی آن لائن خرید و فروخت کیلئے
 پہلی باضابطہ کمپنی قائم ہوگئی


 
 

ملک میں سونے کی آن لائن خرید و فروخت کے لیے پہلی باضابطہ کمپنی قائم ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج کمپنی کی جانب سے میسرز زکریا گولڈ کموڈٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کو ملک میں سونے کی آن لائن اور فزیکل خرید و فروخت کیلئے لائسنس جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد یہ کمپنی پاکستان میں سونے کی آن لائن اور فزیکل خرید و فروخت کا کام شروع کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی ہے، ملک کی اس پہلی آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کمپنی کے قیام سے مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی کا خاتمہ ہوگا۔

اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ایس ای سی پی اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج کی اجازت سے ملک کی اس پہلی آن لائن گولڈ ٹریڈنگ کے کمپنی کے قیام کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی او ر بلیک مارکیٹنگ کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں سونے کے یومیہ نرخ بھی اسی کمپنی کی جانب سے جاری کیے جائیں گے جبکہ سونے کے نرخوں کے اجراء کیلئے کمپنی کے دفتر کے باہر بڑی اسکرین بھی نصب کی گئی ہے، اس کمپنی کا باقاعدہ افتتاح منگل 30جنوری کو متحدہ عرب امارات کے معروف کاروباری گروپ بوعبداللہ گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین ڈاکٹر بوعبداللہ کریں گے جبکہ تقریب میں ایف بی آر اور کسٹم کے اعلیٰ افسران اور ایف پی سی سی آئی کے عہدے داروں سمیت کاروباری شخصیات بھی شریک ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ چند ماہ قبل سونے کے نرخوں میں بے پناہ اضافہ دیکھا گیا تھا اور مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹے بازی اور بلیک مارکیٹنگ کی اطلاعات تھیں جس پر موجود ہ نگراں حکومت نے ایف آئی اے، ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مدد سے موثر کارروائی کی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی اور بلیک مارکیٹنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا۔

توقع ہے کہ ملک میں سونے کی آن لائن خرید و فروخت کیلئے ایس ای سی پی اور پاکستان مرکنٹائل ایکس چینج سے منظورہ شدہ کمپنی کے قیام کے بعد سونے کے نرخوں میں استحکام آئے گا اور مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں سٹہ بازی اور بلیک مارکیٹنگ کے رجحان کا خاتمہ ممکن ہوگا۔


یہ بھی پڑھیں

اسٹیٹ بینک کا تمام مالیت کے نئےکرنسی نوٹلانےکا فیصلہ